23

بھارتی طیارے آزاد جموں و کشمیر میں داخل، پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی

راولپنڈی: (اُمیدیں ٹائمز) بھارتی طیاروں کی مظفر آباد سیکٹر میں دراندازی کی کوشش پر شاہینوں کے فضا میں بلند ہوتے ہی بزدل بھارتی طیارے بدحواسی کے عالم میں بالاکوٹ کے قریب ہتھیار پھینک کر بھاگ گئے۔ وزیرا عظم عمران خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سوچیں گے نہیں فوری جواب دیں گے جبکہ آرمی چیف بھی مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے کے احکامات دے چکے ہیں۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی، پاکستانی طیاروں نے بروقت اور فوری کارروائی کی، بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب سے واپس بھاگ گئے، بھارتی طیارے جلدی میں کچھ پے لوڈ بھی گرا گئے۔

رجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی طیاروں کی جانب سے کھلے علاقوں میں گرائے گئے ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کردیں۔

پلوامہ حملے کے بعد 40 سے زائد بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا بدحواس ہوچکا ہے اور پڑوسی ملک سے مسلسل پاکستان کو سبق سکھانے، سفارتی سطح پر تنہا کرنے اور جنگ کرنے جیسی آوازیں آرہی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ملک کو درپیش خطرات اور بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت پر جوابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں