بہاول پور میں ہومیو پیتھی میں جدید تحقیق پر پہلی قومی کانفرنس 889

بہاول پور میں ہومیو پیتھی میں جدید تحقیق پر پہلی قومی کانفرنس

بہاول پور میں ہومیو پیتھی میں جدید تحقیق پر پہلی قومی کانفرنس

بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز)کالج آف کنونشنل میڈیسن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہومیو پیتھی میں جدید تحقیق کے موضوع پر پہلی قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز وائس چانسلر نے کہا کہ ہومیو پیتھی طریقہ علاج ارزاں اور بے ضرر ہونے کی وجہ سے تیزی سے مقبولیت پا رہا ہے۔ ہومیو پیتھی کے شعبے میں ہونے والی تحقیق اس کی ترقی کے لیے گرانقدر ثابت ہو گی ۔ جنوبی پنجاب کی اہم ترین جامعہ ہونے کے ناطے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تدریس اور تحقیق میں اعلیٰ معیار قائم کرنے کے لیےے کوشاں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جامعہ میں تواتر سے بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں دنیا بھر سے مختلف شعبوں کے نامور ماہرین شریک ہو کر متعلقہ مضمون میں جدت اور نکھار لانے کے لیے تجاویز فراہم کرتے ہیں ۔ اِسی طرح تحقیق میں بھی نئے اُفق تلاش کیے جاتے ہیں۔ اس وقت دنیا بھر میں ہومیو پیتھی کے شعبے میں تیزی سے تحقیق ہو رہی ہے اور پاکستان میں بھی ایک متبادل طریقہ کار کے طور پر اس کی پذیرائی ہو ئی ہے ۔انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر اساتذہ اور طلبہ وطالبات کو مبارکباد دی ۔ تقریب کے مہمان اعزاز ڈاکٹر جاوید اقبال پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج ، بہاول پور نے جامعہ اسلامیہ کو اس علاقے کا عظیم علمی اثاثہ قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی میں جاری تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم میڈیکل کالج میں بھی انہی عظیم علمی روایات کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی نے کہا کہ ہومیو پیتھی کے میدان میں جدید تحقیق کے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلی قومی کانفرنس کا انعقاد اس شعبے سے وابستہ افراد اور محققین کے لیے بہت سود مندثابت ہوگی ۔ یونیورسٹی کالج آف کنونشنل میڈیسن سال 2000ء میں قائم کیا گیا اور صوبہ پنجاب میں اپنی نوعیت کا پہلا اِدارہ ہے۔ یہ کالج ابتداء سے ہی طب مشرق اور ہومیو پیتھی کے میدان میں قومی سطح پر اپنا نام منوا چکا ہے ۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نائب صدر نیشنل ہومیو پیتھی کونسل نے اپنے خطاب میں کہا کہ کانفرنس کی سفارشات کو حکومتی سطح پر پہنچایا جائے گا تاکہ ہومیو پیتھی کے فروغ کے لیے قومی سطح پر پالیسی تشکیل دی جا سکے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد آصف پرنسپل کالج آف کنونشنل اینڈ میدیسن ، پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف ،ڈائریکٹر ریسرچ ، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈائریکٹر چولستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزرٹ سٹڈیز، ڈاکٹر محمد سعید اور دیگر سینئر اساتذہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ہیو پیتھی ادویہ ساز کمپنیوں نے اپنی ادویات کی نمائش کے لیے سٹال بھی لگائے۔

بہاول پور میں ہومیو پیتھی میں جدید تحقیق پر پہلی قومی کانفرنس

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں