اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے قومی آرٹ مقابلہ جات 504

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے قومی آرٹ مقابلہ جات

بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز)کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے قومی آرٹ مقابلہ جات میں ملک بھر کی جامعات اور کالجز سے 480طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز وائس چانسلر اور پروفیسر ڈاکٹر سلیمہ ہاشمی نے 15کامیاب طلبہ وطالبات میں ٹرافیاں اور نقد انعام تقسیم کیے۔ مرکزی آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعجاز نے کہا کہ کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور آرٹ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ ہمارے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات اپنی جدت اور متنوع صلاحیتوں کے باعث ملک بھر میں پہچانے جاتے ہیں۔ کالج کے زیر اہتمام قومی سطح پر آرٹ کے مقابلوں کا انعقاد انتہائی خوش آئند امر ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر نامور آرٹسٹ پروفیسر ڈاکٹر سلیمہ ہاشمی کی جامعہ اسلامیہ آمد اور ان مقابلوں کی سرپرستی کو بے حد سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر سلیمہ ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہاول پور کے طلبہ وطالبات بہترین ٹیلنٹ کے مالک ہیں جس کا اظہار اُن کے منفرد اور تخلیقی کام سے بخوبی ہوتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر معاشرے میں خواتین کے مقام اور اُن کی سماجی ومعاشی جدوجہد پر بھی خصوصی گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کی آدھی آبادی ہیں اور اُن کی عملی شرکت کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہو ں نے اپنے والد فیض احمد فیض کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی اور یاداشتیں بیان کیں۔ کالج پرنسپل ماریہ انصاری نے کہا کہ ملک بھر سے آئے ہوئے طلبہ وطالبات نے پہیلی نامی آرٹ کے مقابلوں میں شرکت کی اور قدرت میں چھپی ہوئی پہیلیوں کو مصوری ، پرنٹ میکنگ ، فوٹو گرافی اور آرٹ کی دوسری اصناف کے ذریعے اُجاگر کیا۔ انعامات حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کا تعلق اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ، ہزارہ یونیورسٹی ، جامشور و یونیورسٹی ، نیشنل کالج آف آرٹ لاہور ، ملتان کالج آف آرٹ ، گورنمنٹ صاد ق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور، گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن برائے طالبات بہاول پور ، یزمان ٹیکنیکل کالج اور دبئی محل کالج برائے خواتین بہاول پور سے تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں