598

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، میرٹ لسٹیں آج آویزاں ہونگی

بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز) انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کی قیادت میں دو ماہ کے مختصر عرصے میں جامعہ میں تدریسی اور انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے اُٹھائے جانے والے اقدامات کی بدولت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی مقبولیت اور ساکھ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔جامعہ میں فال سمسٹر2019 کے تحت بیچلر اور ماسٹر پروگراموں میں داخلوں کے لیے 56,657طلبہ وطالبات نے درخواستیں دیں۔ داخلوں کے لیے پہلی مرتبہ ایک باقاعدہ اور منظم مہم چلائی گئی۔ امیدواروں کی سہولت کے لیے رہنمائی مراکز کے قیام اورسوشل میڈیا مہم کی وجہ سے نہ صرف جنوبی بلکہ مرکزی پنجاب سمیت چاروں صوبوں اور گلگت و بلتستان جیسے دوردراز علاقوں سے بھی امیدواروں نے ہزاروں کی تعداد میں داخلوں کے لیے درخواستیں دیں۔وائس چانسلر نے طلبہ وطالبات کے لیے ہاسٹلزمیں رہائشی سہولیات اور کھانے کے معیار،کینٹین، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی سہولیات میں بہتری کے لیے بھی عملی اقدامات کا آغاز کیا۔انٹرمیڈیٹ بورڈ میں پوزیشن ہولڈرز کے لیے یونیورسٹی میں 100فیصد سکالرشپ پر داخلوں کا اعلان کیا۔ طلبہ وطالبات کے لیے سوسائٹیز کے قیام اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات اور جامعہ میں سیمینارز اور تقریبات کے انعقاد سے والدین اور طلباء کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور نتیجتاً بڑی تعداد میں داخلوں کے لیے درخواستیں وصول ہوئیں۔آج سے میرٹ لسٹیں آن لائن آویزاں کی جا رہی ہیں۔ نئے طلباء کی تعداد ہزاروں میں ہونے کے باعث اُن کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ون ونڈو سسٹم قائم کیا گیا ہے جہاں تمام شعبہ جات کا عملہ اُن کی رہنمائی کے لیے موجود ہے۔ طلبہ وطالبات ایک ہی جگہ پر اپنے کاغذات کی تصدیق کرائیں گے اور داخلوں کے لیے چالان حاصل کر کے ون ونڈو سے ملحقہ بینک میں فیس جمع کرا دیں گے۔اِس طرح وہ کیمپسز اور شعبہ جات میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کی بجائے آسانی سے داخلے کے تمام مراحل مکمل کر لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں