127

بہاولپور میں 75ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب


بہاول پور( اُمیدیں ٹائمز) 75 ویں یوم آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل،کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنربہاول پور عرفان علی کاٹھیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاول پور عبادت نثار نے قومی پرچم لہرایااوریوم پاکستان کی گولڈن جوبلی کا کیک کاٹا۔

اس موقع پرسید تحسین نواز گردیزی، نعیم الدین وڑائچ، صدر چیمبر آف کامرس حافظ محمد یونس، ڈی جی پی ایچ اے فاروق صادق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، چیف آفیسر ضلع کونسل میاں اظہر جاوید سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و ملازمین، اساتذہ کرام، طلباء، سیاسی و سماجی شخصیات،سول سوسائٹی کے ممبران اور عمائدین شہر موجود تھے۔

تقریب میں پولیس اورڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفس ریسکیو 1122 کے چاق و چوبند دستہ نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیاجبکہ گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول بہاول پور کے طلباء نے بینڈ پر ملی نغموں کی دھنیں بجائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی و ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم اپنے ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی و قومی مفادات کو مقدم رکھیں گے اور لاالہ اللہ کا عملی نمونہ بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم سب کو یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ آج کے دن ہم سب نے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے تحریک آزادی کے مشاہیر کی لازوال قربانیوں اور اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کے حوالہ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ہم سب نے اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے اورمحنت، لگن اور جوش و جذبہ سے ملک کی تعمیر و ترقی میں ہر شخص نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

تقریب میں گورنمنٹ ہائی سکول سمہ سٹہ کے ہونہار طالب علم محمد حسان بابر نے تاریخ پاکستان اور استحکام پاکستان کے موضوع پر تقریر کی۔گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں اور بوائز سکاؤٹس نے تقریب میں شرکت کی۔

مرکزی تقریب کے بعد کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے بورسٹل انسٹی ٹیوٹ اینڈ جیونائل جیل بہاول پور میں 75ویں یوم آزادی پاکستان کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ یوم آزادی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے اکابرین اور مشاہیر کی لازوال قربانیوں کا ثمر ۔ بلاشبہ آزادی کی نعمت ہی سب سے بڑی نعمت ہے اور اس نعمت کی اہمیت کا اندازہ اسیروں سے بڑھ کر کوئی نہیں کر سکتا۔

عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، ایڈیشنل کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی ، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر محمد طیب، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ہارون طفیل ، سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل بہاول پور اسامہ سلامت، چیف آفیسر ضلع کونسل میاں اظہر جاوید اور سوشل ویلفیئر آفیسر جنیرہ صدف سمیت دیگر افسران و ملازمین اور اسیر بچے موجود تھے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ ہمیں اپنے اکابرین کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور ہر قیمت پر اپنی آزادی کی حفاظت ہی اپنا مطمع نظر رکھنا چاہئے۔انہوں نے اسیر بچوں کو تلقین کی کہ وہ معاشرے کے مفید اور کارآمد شہری بنیں اور ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

شرکائے تقریب نے اپنے سینوں پر پاکستانی جھنڈے کے بیج آویزاں کئے ہوئے تھے جبکہ اندرون و بیرون جیل کو پاکستانی پرچم کی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس موقع پر اسیر بچوں نے حمد و نعت، ملی نغمے و ترانے گائے اور آزادی کی اہمیت کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہاربھی کیا۔

دریں اثناء کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے بورسٹل جیل میں مون سون شجرکاری مہم کے سلسلہ میں پودا لگایا اور اسیر بچوں کے ہمراہ یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے اسیر بچوں میں کھیلوں کا سامان اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ تقریب کا اختتام پر ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔قبل ازیں کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے ضلع کونسل بہاول پور کے سبزہ زار میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیااور دیگر افسران کے ہمراہ شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں