553

”وزیر اعظم کی ٹری پلانٹیشن مہم“کے حوالے سے ایگری کلچر کالج کے آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا انعقاد

بہاول پور (اُمیدیں ٹائمز):اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ”وزیر اعظم کی ٹری پلانٹیشن مہم“کے حوالے سے ایگری کلچر کالج کے آڈیٹوریم میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل نے شجر کاری مہم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موسمی تغیرات کے سبب ماحول کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جسے روکنے کیلئے درختوں کی تعداد میں اضافہ ناگزیر ہے۔ درخت ماحولیاتی آلودگی پر قابوپانے میں بے حد مددگار ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ درخت زیادہ سے زیادہ لگائے جائیں۔ ڈاکٹر محمد رافع نے درختوں کے تلف ہوجانے کے حوالے سے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جتنی تیزی سے دنیا میں درختوں کو تلف کیا جا رہا ہے اس کی وجہ سے آنے والے چند سالوں میں موسمی تغیرات میں تیزی سے اضافہ ہوگا جو کہ ماحول کے لئے بے حد نقصان دہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک جدید تحقیق کے مطابق درختوں کی تعداد میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے جو ہماری کرہ ارض پر موجود اوزون کی تہہ کو بہت تیزی سے کم کر رہی ہے۔ اوزون کی تہہ سورج کی خطرناک الٹراوائلٹ شعاعوں کو زمین تک پہنچنے سے روکنے کا واحد ذریعہ ہے۔ محمد عابد ریسرچ اسسٹنٹ شعبہ فاریسٹری نے کہا کہ درختوں کی بے دریغ کٹائی کو روکنے اور جنگلات میں اضافے کے لئے حکومت کے ساتھ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تبھی ہم اس قدرتی نعمت کو بچا سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں