435

بہاولپور آرٹس کونسل میں کڈز کلچرل کیمپ کی ثقافتی سرگرمیاں

بہاولپور آرٹس کونسل میں کڈز کلچرل کیمپ کی ثقافتی سرگرمیاں

بہاول پور(اُمیدیں ٹائمز)صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کہا ہے کہ حکومت پنجاب علاقائی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبہ کی تمام آرٹس کونسلوں میں ثقافتی سرگرمیاں خوبصورتی کے ساتھ منعقد کی جارہی ہیں تاکہ نوجوان نسل اپنی تہذیب و تمدن اور ثقافت سے روشناس ہو سکے۔ وہ بہاولپور آرٹس کونسل محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام پانچ روزہ کڈز کلچرل کیمپ کی تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ممبر کنٹونمنٹ بورڈ ریحان بن جاوید، ڈائریکٹر آرٹس کونسل عابد حسن رضوی، پرنسپل گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اتھارٹی(TEVTA)بشریٰ انجم، فاروق احمد خاں، معروف آرٹسٹ و دستکار خالد سعید، افضل جہانگیر، عبدالرحمن ناصر، رافعہ انصاری، ناصر محمود، محبوب عالم، غزالہ انجم، سائمہ حمید، اصغر بہاولپوری، بچوں کے والدین اور بڑی تعداد میں بچے موجود تھے۔ صوبائی وزیر خوراک چوہدری سمیع اللہ نے کڈز کچرل کیمپ کے موقع پر بچوں کی تیار کی گئی مختلف دستکاری، پینٹنگ، خطاطی، مٹی کے برتن کے نمونوں کی منعقدہ نمائش کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ پنجاب دے رنگ تبدیلی دے سنگ کے حوالہ سے آرٹس کونسل شاندار پروگرام ترتیب دے رہی ہے اور علاقہ کے لوگ اس سے بہت محظوظ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور آرٹس کونسل نے بچوں کو کھیل اور تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی ثقافت سے آگاہ کرنے کے لئے شاندار کڈز کلچر ل کیمپ منعقد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے بچوں کو بہت اعتماد اور علم حاصل ہوا ہے۔ و ہ یقینا یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام باقاعدگی سے منعقد کرائے جائیں اور بچوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے آرٹس کونسل کی جانب سے کامیاب پروگرام منعقد کرنے پرکونسل کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔قبل ازیں ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کڈزکلچرل کیمپ کے آخری روز معروف فنکار اصغر بہاولپوری نے پپٹ شو پیش کیا جس میں انہوں نے بچوں کو سر سبز پاکستان کے حوالہ سے معلومات دیں اور حاضرین تقریب کو پپٹ سٹوری کے ذریعہ منشیات کے استعمال کے نقصانات اور دیگر سماجی برائیوں سے محفوظ رہنے کے لئے آگاہ کیا۔ وائس آف ساؤتھ پنجاب شاہد علی خاں نے ثقافتی گیت گائے اور بچوں نے علاقائی رقص پیش کیا۔ کمیونیکشن اینڈ مارکیٹنگ آفیسر مہ جبین طاہر، سید احمد عبدالرشید اور گلریز جاوید نے بچوں سے قدیم ثقافتی کھیل کروائے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض پروگرام آفیسر ملک ذکاء اللہ اور ماہ نور بلوچ نے انجام دیئے اور پروگرام کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کڈز کلچرل کیمپ کی بنائی گئی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کڈز کلچرل کیمپ میں بچوں، آرٹسٹ اور دستکاروں میں سونیئر اور اسناد تقسیم کیں۔

بہاولپور آرٹس کونسل میں کڈز کلچرل کیمپ کی ثقافتی سرگرمیاں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں